حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر محمد یعقوب بشوی نے سقوطِ دمشق پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اور غاصب صیہونی عزائم سے شام کے یہ حالات ہوئے ہیں، لیکن امت مسلمہ اس خیانت کی سزا مدتوں بھگتے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شامی عوام اور مسلمانوں کے ساتھ جو غداری کی گئی وہ تاریخ کا ایک سیاہ ترین باب ہے، اس کے تمام اقدامات مقاومتی بلاک کو توڑنے، فلسطینی کاز کے ساتھ غداری اور غاصب اسرائیلی مفاد اور اس کے تحفظ اور اس کو دوبارہ اسلامی قوتوں پر برتری دینے کے لیے تھے۔
ڈاکٹر بشوی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ شام میں کی گئی خیانت کی سزا امت مسلمہ مدتوں کاٹی رہے گی، کہا کہ شام کی تمام عسکری قوتوں کو غاصب اسرائیل نے نابود کرکے رکھ دیا ہے، اب اسرائیل کو وہ فتح ملی ہے جس کا وہ خواب میں بھی تصور نہیں کر سکتا تھا، اللہ تعالٰی امت مسلمہ کو ہدایت دے اور امام مہدی علیہ السلام کے ظہور کو اور زیادہ نزدیک فرمائے۔
انہوں نے شامی عوام کی آزادی کا جشن منانے والوں کی اسرائیل نوازی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد شامی فتح کے نام سے جشن تو منا رہے ہیں، لیکن زبانی طور پر بھی غاصب اسرائیل کے حملوں اور پیشقدمی کی مذمت تک نہیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ غاصب اسرائیل نے شامی تمام جہازوں، اسلحہ کے ڈپو ،عسکری اور سائنسی مراکز کو تباہ کیا ہے اور شام کی اہم جگہوں پر قبضہ بھی کیا ہے۔
ڈاکٹر بشوی نے کہا کہ اسلامی دنیا اور خائن عرب دنیا کی خاموشی بھی زخم پر مزید نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔